انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی، تین مبینہ سہولت کار گرفتار

اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے انسانی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین مبینہ انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی ہدایات پر اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کی نگرانی میں کی گئی، ترجمان ایف آئی اے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ارشاد علی کلہوڑو، محمد قاسم عرف راجہ قاسم اور کامران زمان کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کو ایف آئی آر نمبر 188/2026 کے تحت مختلف کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان پاکستانی شہریوں کو بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر آذربائیجان بھیجنے اور غیر قانونی امیگریشن میں سہولت کاری میں ملوث تھے۔ ملزمان نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد سے بھاری رقوم وصول کیں اور قانونی ورک ویزوں کے بجائے وزٹ ویزوں کے ذریعے روانگی کے انتظامات کیے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان لازمی امیگریشن قوانین کو بائی پاس کرتے ہوئے غیر قانونی طریقوں سے افراد کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث رہے۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان بیرون ملک موجود اپنے ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں تھے، جو مسافروں کے پہنچنے کے بعد ان کے قیام اور روزگار کے معاملات میں سہولت کاری کرتے تھے۔

گرفتار ملزمان میں ارشاد علی کلہوڑو کو صدر کراچی، محمد قاسم کو سندھی مسلم سوسائٹی کراچی جبکہ کامران زمان کو گلستانِ جوہر بلاک 16 کراچی سے گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *