امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا، رواں ہفتے مذاکرات کا فیصلہ
لائیو(بولونیوز)امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ویب سائٹ نے ایک سینیئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ دونوں ممالک نے کشیدگی میں کمی کے لیے رواں ہفتے مذاکرات کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع کے حل کے لیے منگل کے روز دوحہ میں ملاقات پر راضی ہو گئے ہیں۔ مجوزہ ملاقات قطر کے دارالحکومت میں ہوگی، جہاں فریقین کشیدگی کم کرنے اور سفارتی راستہ اختیار کرنے پر بات چیت کریں گے۔
اس سے قبل ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے کہا تھا کہ حالیہ امریکی حملوں اور مفاہمت کی یادداشت کی شرائط کی خلاف ورزی پر ایران نے اتوار کو ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں حصہ نہیں لیا تھا۔
ذرائع کے مطابق حالیہ پیش رفت خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے، تاہم حتمی نتائج کا دارومدار آنے والے مذاکرات پر ہوگا۔


