مبشرہ خاور مانیکا کا جیل حکام پر سنگین الزامات، بشریٰ بی بی کے ساتھ ناروا سلوک کی تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد(بولونیوز)اسلام آباد میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ خاور مانیکا کی جانب سے جیل حکام کے خلاف سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔مبشرہ خاور مانیکا نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ 22 مئی کو جیل میں اپنی والدہ سے آخری ملاقات کے دوران انہیں جیل عملے کے مبینہ غیر انسانی رویے اور غفلت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

خط کے مطابق ایک خاتون اہلکار “مریم” پر بشریٰ بی بی کے معاملات کی نگرانی کی ذمہ داری تھی، جس پر مبینہ طور پر ہتک آمیز اور غیر مناسب رویے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جیل میں قیام کے دوران بشریٰ بی بی کو آنکھ میں شدید درد کی شکایت تھی، تاہم مبینہ طور پر ابتدائی طور پر ان شکایات کو نظر انداز کیا گیا، جس کے بعد بعد ازاں ان کا علاج بیرونِ جیل ہسپتال میں ہوا جہاں سرجری کی گئی۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ اہلکار کے رویے کے باعث مبینہ طور پر بشریٰ بی بی کو صحت کے مسائل اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

مبشرہ خاور مانیکا نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ جیل اہلکار کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کی جائے اور اسے بشریٰ بی بی کے معاملات کی ذمہ داری سے ہٹایا جائے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات بھی کی جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *