اورنگی ٹاؤن نمبر 10 میں نو بیاہتا دولہے کی پھندا لگی لاش برآمد، تحقیقات جاری
کراچی(بولونیوز)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 10 میں نو بیاہتا دولہے حمزہ کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد علاقے میں افسوس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
اہلخانہ کے مطابق حمزہ کی 9 دن بعد یعنی 18 جون کو ولیمے کی تقریب ہونا تھی اور شادی کی تیاریاں مکمل تھیں۔ اہلخانہ نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
مؤمن آباد پولیس اسٹیشن کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ خودکشی ہے یا قتل۔
تفصیلات کے مطابق حمزہ نے دو ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، جبکہ اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ ان کی اہلیہ سندھ پولیس میں لیڈی کانسٹیبل ہے اور وہ پہلے سے شادی شدہ اور تین بچوں کی ماں بھی ہیں۔
پولیس کے مطابق خاتون اہلکار کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
متوفی کے والد ظہور الدین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو بہو نے قتل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حمزہ کبھی اپنے گھر اور کبھی بیوی کے پاس رہتا تھا، تاہم وہ کسی قسم کی ذہنی پریشانی کا شکار نہیں تھا۔
اہلخانہ کے مطابق جب اطلاع ملی تو حمزہ کی لاش گھر کے اندر لٹکی ہوئی تھی، جبکہ رسی ٹانگوں کے نیچے سے نکل رہی تھی، جس سے واقعہ مزید مشکوک ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے تاہم موت کی اصل وجہ کیمیکل رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوگی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


