پنجاب حکومت کا 15 اہم شاہراہوں کو ڈبل کیرج وے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
لاہور(بولونیوز)پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ، سفری سہولتوں میں بہتری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 15 اہم شاہراہوں کو ڈبل کیرج وے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق اس منصوبے کے تحت وسطی اور جنوبی پنجاب کی اہم سڑکوں کو توسیع دے کر دو رویہ کیا جائے گا، جس سے سفر کا دورانیہ کم ہونے کے ساتھ ساتھ ٹریفک حادثات میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔
ڈبل کیے جانے والے اہم روٹس میں فیصل آباد بائی پاس تا موٹروے M-3 (ستیانہ روڈ)، ٹوبہ ٹیک سنگھ انٹرچینج M-4 تا رجانہ انٹرچینج M-3، چیچہ وطنی تا کمالیہ بائی پاس، اوکاڑہ تا دیپالپور، ملتان تا متی تل، شیر شاہ بائی پاس تا موٹروے M-4، لودھراں، کروڑ پکا، میلسی، وہاڑی روڈ، چشتیاں تا حاصل پور اور میانوالی تا سی پیک انٹرچینج داؤد خیل شامل ہیں۔
اسی طرح ملتان، جھنگ، خوشاب، شیخوپورہ، سرگودھا، چنیوٹ، دنیاپور اور دیگر علاقوں میں بھی متعدد سڑکوں کی ڈبلائزیشن اس منصوبے کا حصہ ہوں گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطے مضبوط ہوں گے، زرعی و صنعتی مصنوعات کی ترسیل میں آسانی پیدا ہوگی اور موٹرویز تک رسائی مزید بہتر بنائی جا سکے گی۔
ماہرین کے مطابق شاہراہوں کی توسیع سے نہ صرف مقامی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ جنوبی پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ منصوبوں پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا۔


