بصارت سے محروم افراد کے لیے معاون آلات اور تعلیمی اسناد کی تقسیم، خصوصی تقریب کا انعقاد

کراچی(بولونیوز)کراچی میں ایمیگوز ویلفیئر ٹرسٹ فار دی بلائنڈ پرسنز نے سندھ حکومت کے تعاون سے بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔

تقریب کا اہتمام محکمہ برائے بااختیار افرادِ معذوری (DEPD) کے تعاون سے ایک مقامی ہال میں کیا گیا، جس میں تقریباً 400 افراد نے شرکت کی، جن میں بصارت سے محروم افراد، طلبہ و طالبات، والدین، سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان شامل تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر بصارت سے محروم افراد میں مختلف جدید معاون آلات تقسیم کیے گئے جن میں وائٹ کینز، اسمارٹ گلاسز، ٹاکنگ بلڈ پریشر اپریٹس، ٹاکنگ گلوکومیٹر، بریل واچز، ٹاکنگ کیلکولیٹرز اور دیگر آلات شامل تھے۔

منتظمین کے مطابق ان آلات کی فراہمی کا مقصد خصوصی افراد کو زیادہ خودمختار اور بااعتماد زندگی گزارنے کے قابل بنانا ہے۔

تقریب کے دوران تعلیمی معاونت کے تحت طلبہ و طالبات کے رائٹرز میں اعزازی رقوم تقسیم کی گئیں، جبکہ کمپیوٹر اور انگلش لینگویج کورسز مکمل کرنے والے طلبہ کو اسناد اور لیپ ٹاپس بھی دیے گئے۔ کوکنگ اور آرٹ اینڈ کرافٹ کورسز مکمل کرنے والوں کو سرٹیفکیٹس اور گفٹ ہیمپرز دیے گئے۔

تقریب میں خصوصی موسیقی پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے شرکاء کو محظوظ کیا۔

اختتامی خطاب میں ایمیگوز ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر انور مسیح نے کہا کہ ادارہ بصارت سے محروم افراد کی تعلیم، تربیت اور بحالی کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتی اور سماجی اداروں کے اشتراک سے خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال حصہ بنایا جا سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *