اسرائیل اور ایران کشیدگی کے خدشات، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
لندن(بولونیوز)لندن میں بین الاقوامی منڈیوں میں اس وقت خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی وجہ ایران اور اسرائیل کے درمیان مبینہ کشیدگی اور حملوں سے متعلق رپورٹس کو قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حملوں کی خبروں کے بعد ایک گھنٹے کے اندر عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3.63 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 96.75 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں بھی 3.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 93.89 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
معاشی ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ خطے میں تیل کی پیداوار اور ترسیل متاثر ہو سکتی ہے، جس سے عالمی سپلائی چین میں رکاوٹیں پیدا ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کسی بھی قسم کی فوجی کشیدگی عالمی توانائی مارکیٹ پر فوری اثر ڈالتی ہے، کیونکہ یہ خطہ دنیا کے بڑے تیل پیدا کرنے والے علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت، ایندھن کی قیمتوں اور مہنگائی پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ سرمایہ کار اور عالمی منڈیاں اب خطے کی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔


