منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے مبینہ جعلی سیلری اکاؤنٹ کا انکشاف، کروڑوں کی ٹرانزیکشن سامنے آگئی
لاہور(بولونیوز)لاہور میں منشیات کے مبینہ ڈیلر انمول عرف پنکی سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں اس کے ایک “جعلی سیلری اکاؤنٹ” کے ذریعے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس اور تفتیشی ریکارڈ کے مطابق یہ اکاؤنٹ اینٹی نارکوٹکس فورس میں درج مقدمہ نمبر 63/19 کے تحت سامنے آیا۔ رپورٹ کے مطابق تفتیشی افسر سب انسپکٹر صوبیہ ارم نے یکم جولائی 2021 کی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ملزمہ کا اکاؤنٹ لاہور کے علاقے چوبرجی میں واقع ایک ملٹی نیشنل بینک کی برانچ میں کھولا گیا تھا۔
تحقیقات میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ اکاؤنٹ میں ایک کمپنی کے ملازم کے طور پر ملزمہ کو ظاہر کیا گیا، تاہم بینک میں جمع کرائے گئے دستاویزات جعلی نکلے اور مذکورہ کمپنی کا کوئی وجود ہی نہیں تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس اکاؤنٹ میں مجموعی طور پر 6 کروڑ 39 لاکھ 88 ہزار 912 روپے کی ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ حیران کن طور پر اس دوران ایک عام شہری سے بینک اکاؤنٹ کھولنے کے لیے جہاں سخت دستاویزات اور تفصیلی جانچ پڑتال کی جاتی ہے، وہیں اس معاملے میں مبینہ طور پر قواعد کی خلاف ورزی سامنے آئی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیم جب کمپنی کے دیے گئے پتے پر پہنچی تو وہاں کسی بھی ایسی کمپنی کے وجود کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ بعد ازاں ملزمہ کو مفرور قرار دے دیا گیا۔
حکام کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مبینہ مالیاتی نیٹ ورک کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔


