پنجاب بھر میں 8 سے 12 جون کے دوران شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری
لاہور(بولونیوز) محکمہ موسمیات پاکستان نے صوبہ پنجاب بھر میں 8 سے 12 جون کے دوران شدید گرمی کی لہر کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف شہروں میں درجۂ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 8 سے 10 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور گجرات میں درجۂ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح 8 سے 11 جون کے دوران لاہور، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور جھنگ میں پارہ 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسی عرصے میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن اور رحیم یار خان میں بھی درجۂ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا خدشہ ہے۔
مزید برآں 8 سے 11 جون کے دوران راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، لیہ، بھکر اور کوٹ اددو میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں۔


