وزیراعلیٰ بلوچستان کا تیزاب حملے سے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کے والد سے رابطہ، کراچی منتقلی کا حکم

کوئٹہ(بولونیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر کے والد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے ہر ممکن طبی و انتظامی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کا مکمل علاج بلوچستان حکومت کے خرچے پر کراچی کے پٹیل اسپتال کراچی میں کیا جائے گا، اور تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر متاثرہ خاتون کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جہاں ماہر ڈاکٹرز اور طبی عملہ ان کے علاج میں شریک ہوگا۔

صوبائی وزیر صحت کے مطابق حکومت متاثرہ ڈاکٹر کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے اور واقعے میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ڈاکٹرز، طبی عملے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *