نائیجر کے صحرائے صحارا میں ٹرک خراب ہونے سے 50 افراد پیاس سے جاں بحق

نیامی(بولونیوز)افریقی ملک نائیجر کے صحرائے صحارا میں ٹرک خراب ہو کر پھنسنے کے باعث 50 افراد پیاس اور شدید گرمی کے سبب جاں بحق ہو گئے۔

یہ افراد عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد مالی سے واپس نائیجر آ رہے تھے کہ دورانِ سفر صحرا میں ان کا ٹرک خراب ہو گیا۔ ٹرک خراب ہونے کے باعث مسافر کئی دنوں تک وہیں پھنسے رہے۔

زیادہ تر لاشیں ٹرک کے نیچے اور اس کے اردگرد سے ملی ہیں، جن میں مردوں کے ساتھ خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور اور مسافروں نے کئی دنوں تک ٹرک کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی، تاہم کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور پانی کے ذخیرے کے ختم ہو جانے کے باعث یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ تاہم دو افراد زندہ بچ گئے، جو پیدل صحرا عبور کر کے قریبی علاقے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور مدد حاصل کی۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد نائیجر کے شہری تھے۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے جائے وقوع پر بھیجی گئی ریسکیو ٹیم نے لاشوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ متاثرہ افراد ایک ایسے علاقے میں پھنسے تھے جہاں درجۂ حرارت انتہائی زیادہ ہوتا ہے اور کسی قسم کی فوری مدد یا سہولت دستیاب نہیں ہوتی۔

ریسکیو ٹیم کو واپسی کے دوران ایک اور ٹرک بھی خراب حالت میں ملا، جس میں 60 سے زائد افراد سوار تھے۔ یہ ٹرک بیٹری خراب ہونے کے باعث تین دن سے وہیں پھنسا ہوا تھا۔ ریسکیو ٹیم میں شامل فوجی اہلکاروں نے مسافروں میں پانی تقسیم کیا اور ٹرک کی مرمت میں مدد فراہم کی، جس کے بعد وہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئے۔

واقعے کے بعد انسانی حقوق کے حلقوں نے صحرا کے راستوں پر سفر کرنے والے افراد کے لیے حفاظتی اقدامات اور ہنگامی سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *