اسلام آباد میں فول پروف سیکیورٹی، گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری
اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سید علی ناصر رضوی کے احکامات پر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران تھانہ ہمک، سنگجانی، سیکرٹریٹ، بھارہ کہو، گولڑہ، شمس کالونی، تھانہ کھنہ، شالیمار، ترنول، انڈسٹریل ایریا، آبپارہ، کورال، کرپا اور تھانہ پھلگراں کے علاقوں میں زونل ایس پیز کی زیرِ نگرانی سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں لیڈیز پولیس نے بھی فعال کردار ادا کیا۔
سرچ آپریشنز کے دوران 1180 افراد اور 517 گھرانوں، 32 ہوٹلز اور 138 دکانوں کی چیکنگ کی گئی۔ اس کے علاوہ 550 موٹر سائیکلز اور 153 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ پولیس نے 67 مشکوک افراد اور 52 موٹر سائیکلز کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کلاشنکوف اور ایک پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر مؤثر نگرانی کے لیے خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی اسکواڈ شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ شہر میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔


