آئندہ بجٹ میں جی ایس ٹی بڑھانے کی خبروں پر ابہام، مختلف تجاویز زیرِ گردش

اسلام آباد(بولونیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے آئندہ بجٹ میں جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) 18 سے بڑھا کر 19 فیصد کرنے کی تجویز سامنے آنے کی اطلاعات ہیں، تاہم حکومتی سطح پر اس پر اختلاف پایا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق جی ایس ٹی میں ایک فیصد اضافے سے 250 سے 300 ارب روپے تک اضافی آمدن متوقع ہے، مگر پاکستانی حکام نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سولر پینلز، الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں پر ٹیکس بڑھانے کی تجاویز بھی زیرِ غور ہیں۔ تجویز دی گئی ہے کہ:

ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 8 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کیا جائے،
الیکٹرک گاڑیوں پر ٹیکس 1 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے،
جبکہ سولر پینلز پر جی ایس ٹی 10 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان ٹیکس تجاویز کے نتیجے میں الیکٹرک گاڑیوں اور سولر سسٹمز کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے دی گئی تجاویز پر غور جاری ہے، تاہم حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔

دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین نے جی ایس ٹی میں اضافے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی ایس ٹی بڑھانے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں۔ وزارتِ خزانہ اور ایف بی آر دونوں نے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات درست نہیں ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *