ڈیفنس بی میں مبینہ تشدد کا واقعہ، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

لاہور(بولونیوز)ڈیفنس بی کے علاقے میں مبینہ طور پر لگژری گاڑی میں سوار افراد کی جانب سے راستہ مانگنے کے تنازع پر تین افراد، جن میں حساس ادارے کا ایک افسر بھی شامل ہے، کو تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق شہری قوسین حیدر کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی گاڑی کو سائیڈ کرنے کے لیے ہارن اور ڈپر استعمال کیا گیا، جس پر گاڑی میں سوار افراد مشتعل ہوگئے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر ڈنڈوں، الیکٹرک راڈ اور اسلحے کے زور پر متاثرہ افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ انہیں دھمکیاں دینے اور حبسِ بے جا میں رکھنے کی کوشش بھی کی گئی۔

پولیس نے واقعے پر تشدد، دھمکیوں اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق نامزد افراد میں ایک معروف کاروباری شخصیت کا بیٹا بھی شامل بتایا جا رہا ہے، تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *