وفاقی بجٹ 2026-27: ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1126 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ

اسلام آباد(بولونیوز)آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 1126 ارب روپے مختص کیے جانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی اخراجات اور اہداف پر غور کیا گیا۔

پلاننگ کمیشن کی دستاویز کے مطابق انرجی منصوبوں کے لیے 135 ارب روپے، آبی وسائل کے لیے 140 ارب روپے جبکہ ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے لیے 408 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ ہے۔ اسی طرح سماجی شعبے کے لیے 187 ارب روپے خرچ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لیے جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 4 فیصد مقرر کرنے کی سفارش بھی زیر غور آئی۔ اہم فصلوں کی پیداوار کا ہدف 3.6 فیصد اور مینوفیکچرنگ سیکٹر کا ہدف 5.8 فیصد رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 3.7 فیصد رہی، جبکہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کا ہدف 4.5 فیصد مقرر تھا۔ حکام کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے تقریباً 10 ہزار ارب روپے درکار ہیں۔

اجلاس کے بعد احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں ترقیاتی بجٹ میں جمود رہا جس کے باعث متعدد منصوبے متاثر ہوئے۔ ان کے مطابق 2018 کے بعد ترقیاتی شعبے کے لیے وسائل میں نمایاں کمی آئی اور ترقیاتی سرمایہ کاری جی ڈی پی کے 2.6 فیصد سے کم ہو کر 0.6 فیصد رہ گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہزاروں ارب روپے کے منصوبے زیر تکمیل ہیں جبکہ نئے منصوبوں کی تجاویز بھی زیر غور ہیں، اور حکومت کی کوشش ہے کہ جاری منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *