بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات
کوئٹہ(بولونیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور گرم رہے گا، جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شمال مشرقی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نصیر آباد، کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
درجہ حرارت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں 33 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری اور ژوب میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
اسی طرح سبی اور تربت میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ گیا، جبکہ نوکنڈی میں 46 اور چمن میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں موسم نسبتاً کم گرم رہا، جہاں گوادر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور جیوانی میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، دھوپ میں غیر ضروری سفر سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔


