اداکارہ مومنہ اقبال کے منگیتر حمزہ حبیب کی میڈیا گفتگو، مقدمہ جھوٹا قرار دے دیا
لاہور(بولونیوز) معروف اداکارہ مومنہ اقبال کے منگیتر حمزہ حبیب نے کہا ہے کہ ان کا نکاح ہو چکا ہے اور وہ اب ان کے شوہر ہیں، جبکہ انہوں نے خود کو مومنہ اقبال کا “شوہر” اور انہیں اپنی “شیرنی” قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ حبیب کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں یکم جون تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
حمزہ حبیب کے خلاف جھنگ پولیس نے ثاقب چڈھڑ نامی شخص کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ حبیب نے کہا کہ ان کے خلاف درج مقدمہ سراسر جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں مومنہ اقبال سے دور رہنے کے لیے مبینہ طور پر لالچ دیا گیا اور بھاری رقم کی پیشکش بھی کی گئی، تاہم انہوں نے کسی دباؤ یا لالچ کو قبول نہیں کیا۔
حمزہ حبیب نے مزید کہا کہ وہ اپنی منگیتر کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کے مطابق مخالف فریق نے سیاسی یا ذاتی وجوہات کی بنیاد پر جھوٹی ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ حمزہ حبیب نے مدعی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں، جس کی تفتیش جاری ہے۔


