بلاول بھٹو زرداری نے شاہراہ بھٹو کا افتتاح کر دیا

کراچی(بولونیوز)کراچی میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شاہراہ بھٹو کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ شاہراہ بھٹو پہنچے، جہاں مختلف سیاسی و سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ، سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن، صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سمیت متعدد شخصیات شریک ہوئیں۔

اس موقع پر معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب، آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو اور ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے بھی شرکت کی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ، صوبائی وزراء، مشیران اور ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تیار کی گئی شاہراہ بھٹو قیوم آباد سے ایم نائن موٹروے تک 39 کلومیٹر طویل سگنل فری ایکسپریس وے ہے، جس میں چھ انٹرچینجز شامل ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افتتاح کے بعد شاہراہ پر خصوصی سفر بھی کیا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گاڑی خود ڈرائیو کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے ڈملوٹی ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس بھی ادا کیا۔

بعد ازاں انہوں نے شاہراہ بھٹو کے مختلف حصوں کا باقاعدہ افتتاح کیا اور قیوم آباد سے کاٹھوڑ تک کے سیکشن کو کھول دیا، جبکہ قیوم آباد سے کراچی پورٹ تک ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *