غزہ امدادی قافلے کے ارکان سے مبینہ بدسلوکی پر اٹلی نے اسرائیلی سفیر کو طلب کر لیا
روم(بولونیوز)روم میں اٹلی کی حکومت نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے قافلے کے گرفتار ارکان کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملے پر اسرائیل کے سفیر کو طلب کر لیا ہے۔
اطالوی حکومت کے مطابق امدادی قافلے کے گرفتار ارکان کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر شدید تحفظات ہیں اور اس معاملے پر اسرائیلی سفیر سے باضابطہ وضاحت طلب کی جائے گی۔
اطالوی وزیراعظم جورجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر بن گویر کی جانب سے سامنے آنے والی تصاویر اور مظاہرین کے ساتھ سلوک ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ اطالوی شہریوں سمیت دیگر افراد کے ساتھ انسانی وقار کے منافی رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کے مطابق اطالوی حکومت اپنے شہریوں کی جلد رہائی کے لیے اعلیٰ سطح پر اقدامات کر رہی ہے اور اس معاملے پر اسرائیل کو جواب دینا ہوگا۔


