سندھ کابینہ نے سالانہ ماہی گیری پابندی میں 15 روزہ نرمی کی منظوری دے دی
کراچی(بولونیوز)کراچی میں ہونے والے اجلاس میں سندھ کابینہ نے سالانہ ماہی گیری پابندی میں 15 دن کی نرمی کی منظوری دے دی۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق یکم جون سے 15 جون 2026ء تک ماہی گیری کی اجازت ہوگی، اس سلسلے میں محکمہ لائیو اسٹاک و فشریز کی سمری کابینہ نے منظور کر لی ہے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ سالانہ ماہی گیری پابندی معمول کے مطابق یکم جون سے 31 جولائی تک نافذ ہوتی ہے، تاہم آبی حیات کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے موسمی پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ماہی گیر برادری کے مطالبات پر غور کرتے ہوئے 15 روزہ نرمی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 جون کے بعد ماہی گیری پر مکمل پابندی دوبارہ نافذ ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ مچھلی اور جھینگوں کی افزائشِ نسل کے تحفظ کے لیے ہر سال جون اور جولائی کے مہینوں میں ماہی گیری پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔


