اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف: ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ بھارتی پراکسی گروہ ہیں، صائمہ سلیم
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستانی قونصلر صائمہ سلیم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ بھارت کے پراکسی گروہ ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت دہشت گردی برآمد کر رہا ہے اور افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری کی گئی۔ صائمہ سلیم کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر درست اور ہدفی کارروائیاں کیں۔
پاکستانی قونصلر نے مزید کہا کہ طالبان حکومت کی جانب سے لگائے گئے الزامات گمراہ کن مہم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو چھپا نہیں سکتا، جہاں شہریوں کو قتل، گرفتار اور بے دخل کیا جا رہا ہے۔
صائمہ سلیم کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر مظالم معمول بن چکے ہیں، جبکہ سندھ طاس معاہدے کو بھی بھارت نے معطل کر رکھا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان امن، مکالمے اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے۔


