خواتین کیلئے پنک ای وی اسکوٹیزمنصوبہ حیدرآباد تک وسیع کرنے کا اعلان
کراچی(بولونیوز)کراچی میں سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبے کے تحت کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی مفت پنک ای وی اسکوٹیز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ اجلاس میں خواتین کیلئے مزید 500 پنک ای وی اسکوٹیز خریدنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پنک ای وی اسکوٹی اسکیم ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہوئی ہے جس نے خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک سال میں صرف ایک ہزار اسکوٹیز نے معاشرے میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے، اور اب اس منصوبے کو حیدرآباد تک توسیع دی جا رہی ہے۔
اعلان کے مطابق حیدرآباد میں خواتین میں پنک ای وی اسکوٹیز کی تقسیم 22 مئی کو کی جائے گی، جس سے خواتین کو سفری سہولت اور خودمختاری میں مزید بہتری آئے گی۔


