مشرقی ترکیہ لرز اٹھا، ایران کے جنوبی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے

استنبو/تہران(بولونیوز)ترکیہ اور ایران میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جن کے باعث مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ترکیہ کے مشرقی علاقے میں 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ ترک صوبے ملاتیا کے ضلع بطالغازی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر اسکول فوری طور پر خالی کرا لیے گئے۔ حکام کے مطابق آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ترک ڈیزاسٹر ایجنسی نے 5.6 شدت کے زلزلے کی تصدیق کر دی ہے، جب کہ ترک حکام نے کہا ہے کہ فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دوسری جانب جنوبی ایران میں بھی 4.7 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے جھٹکے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ عرب نیوز کے مطابق ایرانی صوبے ہرمزگان میں بھی زلزلے کے اثرات محسوس ہوئے، جب کہ جھٹکے قشم، ہرمز اور بندر عباس کے دیہی علاقوں تک محسوس کیے گئے۔

یورپی زلزلہ پیما مرکز (ای ایم ایس سی) نے 4.7 شدت کے زلزلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 14 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز بندرلافت کے قریب تھا، جب کہ ایرانی میڈیا نے زلزلے کی گہرائی 20 کلو میٹر بتائی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *