سندھ ریونیو بورڈ کی بروہی بلوچستان بار بی کیو اینڈ ریسٹورنٹ کے خلاف کارروائی، اعلامیہ جاری
کراچی(بولونیوز)کراچی میں سندھ ریونیو بورڈ نے بروہی بلوچستان بار بی کیو اینڈ ریسٹورنٹ کے خلاف کارروائی پر باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔اعلامیے کے مطابق مذکورہ ریسٹورنٹ سیلز چھپانے اور غلط انوائسز جاری کرنے میں ملوث پایا گیا۔ سندھ ریونیو بورڈ کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ کو اس سے قبل بھی متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود قوانین کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رہا۔
ایس آر بی کے مطابق ریسٹورنٹ انتظامیہ نے قانونی ہدایات کے باوجود غیرقانونی سرگرمیاں بند نہ کیں، جس کے باعث سیلز چھپانے سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
ترجمان سندھ ریونیو بورڈ نے واضح کیا ہے کہ ریسٹورنٹ مالکان کے خلاف غلط انوائسز اور ٹیکس فراڈ پر سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ ٹیکس چوروں کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سسٹم کو سندھ ریونیو بورڈ سے منسلک نہ کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور قانون شکن کاروباری ادارے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے۔


