بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کیلئے سرمایہ کاروں سے درخواستیں طلب

اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی حکومت نے ملک کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے سرمایہ کاروں سے اظہارِ دلچسپی (EoI) طلب کر لیا ہے۔

نجکاری کمیشن کی دستاویز کے مطابق حکومت نے فیسکو، گیپکو اور آئیسکو میں 51 سے 100 فیصد تک حصص فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجکاری کے بعد نجی سرمایہ کاروں کو ان کمپنیوں کا انتظامی کنٹرول بھی منتقل کیا جائے گا۔

دستاویز کے مطابق فیسکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ گیپکو کے لیے 6 اگست 2026 اور آئیسکو کے لیے 7 ستمبر 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

ہر کمپنی کے لیے درخواست کے ساتھ 14 لاکھ روپے کی ناقابل واپسی فیس لازمی قرار دی گئی ہے۔ نجکاری کے عمل سے متعلق آن لائن بریفنگ سیشن 3 جون 2026 کو زوم پر منعقد کیا جائے گا۔

فیسکو وسطی پنجاب میں تقریباً 57 لاکھ صارفین کو بجلی فراہم کرتی ہے، گیپکو گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت متعدد اضلاع میں خدمات انجام دیتی ہے، جبکہ آئیسکو اسلام آباد، راولپنڈی اور آزاد کشمیر کے 41 لاکھ صارفین کو بجلی فراہم کرتی ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق اس اقدام سے سرمایہ کاری میں اضافہ اور گردشی قرضوں میں کمی متوقع ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں نقصانات اور بڑھتا ہوا مالی دباؤ اس فیصلے کی بنیادی وجوہات ہیں، جبکہ نجکاری میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار دلچسپی لے سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *