سندھ میں بلدیاتی اسکیموں کو حتمی شکل، صفائی نظام بہتر بنانے اور نئے منصوبوں کی منظوری
کراچی(بولونیوز)ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے بلدیاتی اسکیموں کو حتمی شکل دے دی گئی۔اجلاس میں صوبے بھر میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور نئی ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی مشاورت مکمل کی گئی۔ اجلاس میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ، ایم ڈی کے ڈی اے سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، جبکہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک وسیع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ خاص طور پر خیرپور اور سانگھڑ کو ترجیحی بنیادوں پر نیٹ ورک میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا۔
ڈائریکٹر ماسٹر پلان احمد سولنگی نے اجلاس میں بلدیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ بجٹ میں براہِ راست عوام کو فائدہ پہنچانے والی اسکیموں کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ صرف ان منصوبوں کو شامل کیا جائے گا جو بنیادی مسائل کے حل میں مؤثر ثابت ہوں۔
وزیر بلدیات نے ترقیاتی اسکیموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں بلدیاتی نظام کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ حکام کے مطابق آئندہ بجٹ میں عوامی اسکیموں کے لیے خطیر رقم مختص کیے جانے کا امکان ہے۔


