پنجاب میں جامع اقدامات سے چیلنجز پر قابو پا کر آگے بڑھ رہے ہیں: وزیراعلیٰ مریم نواز
باکو(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں جامع اقدامات کے ذریعے چیلنجز پر قابو پا کر ترقی کی جانب تیزی سے پیش قدمی جاری ہے۔
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ ورلڈ اربن فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عالمی فورم میں شرکت پر خوشی ہے اور وہ پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے محبت کا پیغام لے کر آئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے آذربائیجان کی قیادت کا بھرپور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان کی ترقی قابلِ تحسین ہے جبکہ آذربائیجان کے بانی صدر حیدر علیوف پاکستان کے سچے دوست تھے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شہری ترقی کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں اور “پنجاب اکنامک رجسٹری سروے” کا آغاز بھی کیا گیا ہے تاکہ سماجی و معاشی اشاریوں کو بہتر انداز میں سمجھ کر پالیسی سازی کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہر صرف عمارتوں اور سڑکوں کا نام نہیں بلکہ یہ انسانوں کی ترقی سے جڑے ہوتے ہیں۔


