پاکستان سمیت 10 ممالک کے وزرائے خارجہ کی اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان سمیت 10 ممالک کے وزرائے خارجہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیل کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انسانی ہمدردی کے مشن پر اسرائیلی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی صریح نفی کرتی ہیں۔ اعلامیے میں زور دیا گیا کہ شہری جہازوں پر حملے آزادیِ جہاز رانی کے بین الاقوامی اصولوں کے بھی منافی ہیں۔
مشترکہ بیان میں گرفتار انسانی حقوق کارکنوں کی فوری اور بلاشرط رہائی کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کا فوری اور مؤثر نوٹس لے۔ وزرائے خارجہ نے کہا کہ انسانی مشنز کا تحفظ عالمی ذمہ داری ہے اور ایسے مشنز کو نشانہ بنانا سنگین جرم کے مترادف ہے۔
اعلامیے میں فلسطینی عوام کو درپیش سنگین انسانی صورتحال پر عالمی توجہ مرکوز کرنے کی اپیل بھی کی گئی، ساتھ ہی انسانی امدادی مشنز کے تحفظ اور ذمہ دار عناصر کے احتساب کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور انسانی حقوق کا احترام ہی خطے میں پائیدار امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔


