آسٹریلوی پولیس آفیسر رفیق احمد چوہدری کی ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سے ملاقات
کراچی(بولونیوز) آسٹریلوی پولیس آفیسر رفیق احمد چوہدری نے سید پیر محمد شاہ، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں ٹریفک مینجمنٹ، روڈ سیفٹی اور شہری سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کراچی ٹریفک پولیس کے نظام میں بہتری اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر رفیق احمد چوہدری نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی خدمات اور شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دورۂ کراچی کے دوران انہیں شہر کی ٹریفک صورتحال میں واضح بہتری محسوس ہوئی ہے۔
انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کو آسٹریلیا کے دورے کی دعوت بھی دی اور ٹریفک نظام کی مزید بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری بیرونِ ملک قوانین کی بہتر انداز میں پابندی کرتے ہیں، اور اگر یہی رویہ اپنے ملک میں بھی اپنایا جائے تو معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان پولیس اور ٹریفک مینجمنٹ کے تجربات کے تبادلے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔


