وزیراعلیٰ پنجاب نے پنکی کے نیٹ ورک سے متعلق اعلیٰ پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی
لاہور(بولونیوز)لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک سے متعلق اعلیٰ پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی سی ڈی نے بھی انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک کے حوالے سے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ تفتیش کے سلسلے میں ملزمہ پنکی کے مبینہ شوہر، سابق پولیس انسپیکٹر رانا اکرام کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی سابق پولیس انسپیکٹر سے کیس سے متعلق مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کرے گی، جبکہ لاہور میں درج مقدمے کے تحت پنکی کو لاہور منتقل کیے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد تک پہنچنے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے معاملے کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔


