سرکاری حج سکیم کے تحت 78 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے
اسلام آباد(بولونیوز)سرکاری حج سکیم کےتحت اب تک 78 ہزار 929 پاکستانی عازمین کو حجازِ مقدس پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 1 لاکھ 19 ہزار سرکاری عازمین میں سے 66 فیصد سے زائد حجاج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
حج آپریشن کے تحت مزید 39 ہزار 905 عازمین کی سعودی عرب روانگی باقی ہے۔ اس سال حج فلائٹ آپریشن کے لیے مجموعی طور پر 468 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں، جن میں سے اب تک 313 پروازیں آپریٹ کی جا چکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جدہ کے لیے 282 اور مدینہ منورہ کے لیے 186 پروازیں چلائی گئی ہیں۔ 34 روزہ حج فلائٹ آپریشن کے اختتام میں اب 8 روز باقی رہ گئے ہیں، جبکہ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔
مکہ مکرمہ میں اس وقت 73 ہزار 759 پاکستانی عازمین قیام پذیر ہیں، جبکہ مدینہ منورہ سے اب تک 34 ہزار 200 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔
حجاج کی سہولت کے لیے مجموعی طور پر 1402 معاونینِ حج تعینات کیے گئے ہیں۔ مدینہ منورہ میں اب تک 32 ہزار 626 عازمین کو ریاض الجنہ کی زیارت کرائی جا چکی ہے۔
حج آپریشن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی ایئرلائنز پروازوں کی خدمات انجام دے رہی ہیں۔


