کراچی کو حب ڈیم سے 200 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کا فیصلہ، کوٹہ بڑھانے کیلئے سمری ارسال
کراچی(بولونیوز)کراچی کو حب ڈیم سے پانی کی فراہمی بڑھا کر 200 ملین گیلن یومیہ (MGD) کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے محکمہ بلدیات نے باضابطہ سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی ہے۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے بھی حب ڈیم سے اضافی پانی کی فراہمی کے لیے تفصیلی تجویز وزیراعلیٰ سندھ کو بھیج دی گئی ہے، جس میں کوٹہ بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔
دوسری جانب واپڈا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حب ڈیم سے پانی کی تقسیم ایک بین الصوبائی معاملہ ہے، جس کا فیصلہ مشترکہ مفادات کونسل کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
واپڈا کے مطابق حب ڈیم سے سندھ اور بلوچستان کو پانی کی فراہمی وفاقی منظوری اور منظور شدہ پی سی ون کے تحت جاری ہے، جبکہ کوٹہ بڑھانے یا کم کرنے کا اختیار ادارے کے پاس نہیں۔
واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق 1981 سے کراچی کو حب ڈیم سے صرف 100 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ شہر میں پانی کی طلب کئی گنا بڑھ چکی ہے۔
سندھ حکومت کے مطابق نئی حب کینال کی تکمیل کے بعد 200 ملین گیلن یومیہ پانی منتقل کرنے کی استعداد حاصل کر لی گئی ہے، تاہم کوٹہ میں اضافے کے لیے وفاقی سطح پر منظوری درکار ہوگی۔
واپڈا چیئرمین نے سندھ حکومت کو تجویز دی ہے کہ یہ معاملہ وزارت آبی وسائل پاکستان اور مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھایا جائے، جبکہ حکام کے مطابق 13 اگست کے بعد حب کینال کے ذریعے پانی کی فراہمی دگنی کی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ یہ معاملہ جلد مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھائیں گے تاکہ کراچی کے لیے اضافی پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔


