ڈرگز کے معاملے پر دوہرے معیار کا الزام، پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سجاد علی سومرو کی شدید تنقید

کراچی(بولونیوز)سجاد علی سومرو، رکن سندھ اسمبلی برائے پاکستان تحریک انصاف، نے کراچی میں منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے اور مبینہ دوہرے معیار پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام ڈرگز کے عذاب میں مر رہی ہو تو کسی کو کوئی پروا نہیں ہوتی، لیکن جیسے ہی بااثر طبقے سے وابستہ افراد کے بچے اوور ڈوز کا شکار ہوتے ہیں تو اچانک قانون، اخلاقیات اور کارروائی یاد آ جاتی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کل عدالت میں جو منظر پوری قوم نے دیکھا، وہ نظامِ انصاف کے لیے تشویشناک ہے۔ سجاد علی سومرو کے مطابق مبینہ طور پر منشیات کے مقدمے میں نامزد ملزمہ کے عدالت میں داخلے کے دوران دکھایا گیا پروٹوکول قانون کی بالادستی پر سوالیہ نشان ہے اور اس سے عوام میں یہ تاثر مضبوط ہوتا ہے کہ امیروں اور غریبوں کے لیے الگ الگ معیار اختیار کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے کہا کہ یہ ملک کسی جاگیردارانہ سوچ کا غلام نہیں جہاں بااثر افراد کے لیے ایک اور عام شہری کے لیے دوسرا قانون ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور قانون سب کے لیے یکساں طور پر نافذ ہو، چاہے اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا بااثر خاندان سے ہو۔

سجاد علی سومرو نے مزید کہا کہ عوام سب کچھ دیکھ رہی ہے اور انصاف کے تقاضے پورے نہ ہونے کی صورت میں اس کا حساب ضرور ہوگا۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ان الزامات پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *