صدر مملکت کی وزیراعظم سے مہنگائی میں کمی اور عوامی ریلیف کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(بولونیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران مہنگائی میں کمی اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، مہنگائی کے دباؤ اور خطے میں بدلتی ہوئی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا۔


