محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، اپوزیشن تعاون پر مشاورت
اسلام آباد(بولونیوز) قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک میں جاری سیاسی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پارلیمانی حکمت عملی، آئندہ سیاسی اقدامات اور مشترکہ اپوزیشن لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
ملاقات کو ملکی سیاست میں اپوزیشن کی ممکنہ مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


