پاکستان کی سب سے بڑی کوکین میکر گرفتار، انمول عرف پنکی کا نیٹ ورک بے نقاب

کراچی(بولونیوز)پاکستان میں مہنگی ترین اور اعلیٰ کوالٹی کی کوکین تیار اور سپلائی کرنے والی بدنام زمانہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو کراچی سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ملزمہ نہ صرف کراچی بلکہ اسلام آباد اور لاہور میں بھی طلبہ اور اہم شخصیات کو کوکین سپلائی کرتی رہی ہے۔
تحقیقات کے مطابق انمول عرف پنکی پاکستان کی مہنگی ترین کوکین خود تیار کرتی تھی اور اس مقصد کے لیے جدید کیمیکلز اور خفیہ طریقۂ کار استعمال کیا جاتا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ ایک منظم اور وسیع منشیات نیٹ ورک چلا رہی تھی، جس کے ذریعے آن لائن آرڈرز پر مخصوص رائیڈرز کے ذریعے منشیات فراہم کی جاتی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ کے نیٹ ورک کے خریداروں میں تعلیمی اداروں کے طلبہ کے ساتھ ساتھ بااثر شخصیات بھی شامل تھیں، جس کی وجہ سے یہ نیٹ ورک طویل عرصے تک قانون کی گرفت سے بچا رہا۔
کراچی پولیس کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے بھاری مقدار میں کوکین، کیمیکلز اور دیگر شواہد برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ اس کے خلاف مختلف شہروں میں منشیات فروشی کے متعدد مقدمات درج تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور اس کے سہولت کاروں، رائیڈرز اور ممکنہ خریداروں تک پہنچنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں منشیات کے بڑے نیٹ ورک کے مکمل طور پر بے نقاب ہونے کی توقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *