کراچی میں منشیات فروش نیٹ ورک بے نقاب، بدنام زمانہ ملزمہ انمول عرف پنکی گرفتار

کراچی(بولونیوز)ڈسٹرکٹ سٹی پولیس ساؤتھ زون اور ایک سول حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر بھر میں کوکین اور دیگر مہلک منشیات کی سپلائی میں ملوث بدنام زمانہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو گرفتار کر لیا۔ کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ متعدد مقدمات میں مطلوب تھی اور طویل عرصے سے مفرور تھی۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی تھانہ گارڈن کی حدود میں عمل میں لائی گئی، جہاں ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول بمعہ راؤنڈز، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیاء برآمد ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کراچی میں منشیات فروشی کے ایک منظم اور وسیع نیٹ ورک کی سرغنہ تھی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ کلفٹن، ڈی ایچ اے اور دیگر پوش علاقوں میں آن لائن آرڈرز کے ذریعے مخصوص رائیڈرز کے ذریعے منشیات سپلائی کرتی تھی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے لیے خواتین رائیڈرز کا بھی استعمال کیا جاتا تھا۔ پولیس کے مطابق اس کے خریداروں میں طلبہ و طالبات سمیت بااثر شخصیات بھی شامل تھیں۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزمہ روزانہ لاکھوں روپے مالیت کی منشیات مختلف طریقوں سے فروخت کرتی تھی۔ اس کے خلاف تھانہ گذری اور درخشاں سمیت مختلف تھانوں میں منشیات کے 10 سے زائد مقدمات درج ہیں، جن میں وہ مفرور چلی آ رہی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او حنیف سیال کی نگرانی میں ہونے والی اس اہم کارروائی کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، جبکہ ملزمہ سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ شہر میں سرگرم منشیات کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *