عوام پرظلم، حکومت نے پٹرول کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا

اسلام آباد(بولونیوز)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ حکومت مسلسل پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے اور آج ایک بار پھر دونوں مصنوعات کی قیمت میں 15، 15 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت نے پٹرول کو عوامی ضرورت کے بجائے کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ حکمران عالمی مارکیٹ کا حوالہ دیتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ عوام سے بھاری پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے، جس کا پیٹرول کی اصل قیمت سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں چند دنوں میں تقریباً 8 ڈالر کم ہوئی ہیں، اس کے باوجود ملک میں فی لیٹر 150 روپے سے زائد ٹیکسز اور لیوی وصول کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اس بوجھ کا سب سے زیادہ اثر طلبہ، بائیکیا اور اِن ڈرائیو چلانے والوں، مزدوروں، غریب اور مڈل کلاس شہریوں پر پڑ رہا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔
امیر جماعتِ اسلامی نے حکمران طبقے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام سے سختی سے ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف حکمرانوں کی شاہ خرچیاں، مراعات، اربوں روپے کے جہاز، پروٹوکول اور دیگر سہولیات بدستور جاری ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ دوہرا اور طبقاتی نظام زیادہ عرصے تک نہیں چل سکتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *