سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ، قبضہ مافیا کے خلاف سخت آپریشن کا اعلان
کراچی(بولونیوز)وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت قبضہ مافیا کے خلاف اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور رکن سندھ اسمبلی قاسم سومرو نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈپٹی کمشنر ویسٹ، ایس ایس پی ویسٹ، ڈی جی کے ڈی اے، ایم ڈی اے اور ایل ڈی اے کے حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں قبضہ مافیا کے خلاف سخت اور مربوط آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ طے پایا کہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں کارروائی کی جائے گی، جبکہ محکمہ قانون اور کچی آبادی کا محکمہ بھی آپریشن کا حصہ ہوں گے۔
وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ آپریشن کو قانونی معاونت حاصل ہوگی اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی اس میں شامل ہوں گے۔
ناصر حسین شاہ نے اجلاس میں کہا کہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر 10 اور 13 میں ایک مقامی بلڈر کی جانب سے غیر قانونی زمین کی فروخت کی شکایات سامنے آئی ہیں، شہری ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کی فائلیں لیگل ٹیم کو بھجوائی جائیں گی اور وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات پر قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی ہوگی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں کچی آبادیاں اور غیر قانونی بستیاں راتوں رات قائم ہو جاتی ہیں، جن کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قبضہ مافیا میں ملوث چھوٹے اور بڑے تمام عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی، تاہم کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہونے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔


