قطر سے سستی گیس کی امید، پاکستان نے ایل این جی کی کم ترین عالمی بولیاں مسترد کر دیں
اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان نے قطر سے کم قیمت پر گیس ملنے کی امید پر مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی عالمی منڈی میں موصول ہونے والی سب سے کم بولیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان دو ایل این جی کارگوز ’’ٹرم کنٹریکٹ‘‘ کے تحت حاصل کر سکتا ہے، جن کی قیمت برینٹ خام تیل کی قیمت کے 13.37 فیصد کے مساوی بتائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان نے جمعرات کے روز ایل این جی کے دو اسپاٹ کارگوز کے لیے موصول ہونے والی کم ترین بولیوں کو منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا، حالانکہ بین الاقوامی سپلائرز کی جانب سے خاصی مسابقتی پیشکشیں سامنے آئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے یہ امکان کارفرما ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ طویل مدتی معاہدوں کے تحت نمایاں طور پر کم نرخوں پر ایل این جی کی فراہمی حاصل کر سکتا ہے۔ حکومتی حلقوں کے مطابق طویل مدتی معاہدے نہ صرف قیمتوں میں استحکام لاتے ہیں بلکہ توانائی کی فراہمی کو بھی زیادہ محفوظ بناتے ہیں۔
ماہرین توانائی کا کہنا ہے کہ اگر قطر کے ساتھ سستے داموں ایل این جی کا معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اس سے پاکستان کو زرمبادلہ کی بچت، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی اور مجموعی معاشی دباؤ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔


