روس نے سلامتی کونسل میں ایران مخالف امریکی قرارداد مسترد کردی
نیویارک(بولونیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران مخالف امریکی قرارداد کو روس نے مسترد کر دیا۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ قرارداد امریکا کی جانب سے پیش کی گئی تھی جس کا مقصد ایران سے آبنائے ہرمز میں حملے روکنے اور ٹول ختم کرنے کا مطالبہ کرنا تھا۔
سلامتی کونسل کے اجلاس میں روسی مندوب نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ قرارداد امریکا کی ایک اور غیر متوازن اور اشتعال انگیز کوشش ہے جو خطے میں کشیدگی کم کرنے کے بجائے مزید بڑھا سکتی ہے۔
امریکی قرارداد کو بحرین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر کی حمایت حاصل تھی۔ قرارداد میں آبنائے ہرمز میں مبینہ حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
روسی مندوب نے کہا کہ ایسے یکطرفہ اقدامات خطے میں امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں اور مسائل کا حل مکالمے اور سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔


