عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائے جانے کا قوی امکان

کراچی(بولونیوز)رویت ہلال ریسرچ کونسل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں رواں سال عید الاضحیٰ 27 مئی 2026 بروز بدھ کو منائے جانے کا قوی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 16 اور 17 مئی کی درمیانی شب ہوگی۔ 17 مئی کی شام چاند کی عمر پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 گھنٹے سے زائد ہو جائے گی۔ مطلع صاف رہا تو اتوار کو چاند نظر آ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں یکم ذی الحج 18 مئی جبکہ عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پیشگوئی کے مطابق رواں سال پاکستان اور سعودی عرب میں عید ایک ہی دن ہونے کا امکان ہے۔ تاہم اگر 17 مئی کو چاند نظر نہ آیا تو ذو القعد 30 دن کا ہوگا اور عید الاضحیٰ 28 مئی بروز جمعرات منائی جائے گی۔واضح رہے کہ عید الاضحیٰ سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *