سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ناقص کارکردگی پر سندھ اسمبلی میں تشویش کا اظہار

کراچی(بولونیوز) سندھ اسمبلی کے ایوان میں کراچی میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 43 ارب روپے کی ادائیگیوں کے باوجود کراچی میں صفائی کی صورتحال بہتر نہیں ہو سکی اور شہر سے کچرا باقاعدگی سے نہیں اٹھایا جا رہا۔
قرارداد کے متن کے مطابق بھاری بجٹ کے باوجود صفائی کا نظام ناکام دکھائی دیتا ہے جبکہ شہر کی گلیاں اور سڑکیں کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
محمد فاروق نے کہا کہ غیر پیشہ ور عملہ اور مشینری کی کمی کے باعث جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر موجود ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نالے کچرے سے بھر چکے ہیں اور سیوریج کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جس کے باعث تعفن اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور مختلف بیماریوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
قرارداد میں بلدیاتی نظام کی ناکامی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ صفائی کے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ٹاؤن اور یونین کونسلز کو عملی طور پر اختیارات دیے جائیں اور آئین و سپریم کورٹ کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *