شہر قائد میں شدید گرمی کی لہر، محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا

کراچی(بولونیوز)شہر قائد میں گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے جہاں محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ اصل درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ بتایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور سورج کی تپش نے معمولات زندگی متاثر کر دیے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے سندھ کے وسطی اور بالائی علاقوں کے لیے آج سے 3 مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کر رکھا ہے۔کراچی میں اگرچہ اصل درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم ہوا میں نمی اور گرم ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کے برابر محسوس کی جا رہی ہے۔

اسی طرح حیدرآباد میں درجہ حرارت 40 ڈگری ہےجبکہ وہاں بھی گرمی کی شدت44 ڈگری کےبرابرمحسوس ہورہی ہے۔ سکھر اور گھوٹکی میں 44 ڈگری، جیکب آباد، دادو اور لاڑکانہ میں 43 ڈگری جبکہ نوابشاہ میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین دنوں میں درجہ حرارت میں مزید 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے پانی اور مشروبات کا استعمال بڑھائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *