ناظم آباد میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہری شدید گرمی میں مشکلات کا شکار
کراچی(بولونیوز)ناظم آباد نمبر 1، یو سی 4، جلال آباد اور اورنگ آباد کے مکین شدید گرمی کے باوجود کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث سخت اذیت کا سامنا کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق رات 12 بجے سے صبح 3 بجے تک جاری رہنے والی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ گزشتہ دو روز سے بڑھا کر صبح 4 بجے تک کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث ملازمت پیشہ افراد رات بھر جاگنے پر مجبور ہیں جبکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ اسی طرح چھوٹے بچے، بزرگ شہری اور بیمار افراد شدید گرمی میں سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ شدید موسم میں اس قسم کی لوڈشیڈنگ ہیٹ اسٹروک جیسے خطرناک حالات کو جنم دے سکتی ہے، جبکہ دوسری جانب بجلی کے بھاری بل باقاعدگی سے وصول کیے جا رہے ہیں۔
اہل علاقہ نے کے الیکٹرک سے مطالبہ کیا ہے کہ رات 12 بجے سے صبح 8 بجے تک جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو احتجاج کا راستہ اپنانے پر مجبور ہوں گے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائیں گے اور اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاجی لائحہ عمل بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔


