میکسیکو میں دلخراش واقعہ: سابق ملکۂ حسن کی ساس کے ہاتھوں قتل

میکسیکو سٹی(بولونیوز) میکسیکو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سابق ملکۂ حسن کیرولائنا فلورس گومیز کو مبینہ طور پر ان کی ساس نے گولی مار کر قتل کر دیا۔

یہ واقعہ میکسیکو سٹی کے پوش علاقے پولانکو میں 15 اپریل کو پیش آیا۔ منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 27 سالہ کیرولائنا فلورس گومیز اپنے گھر میں موجود تھیں کہ اسی دوران ان کی ساس ان کے پیچھے آئیں اور اچانک فائرنگ کر دی۔

جب مقتولہ کا شوہر بچے کو گود میں اٹھائے کمرے سے باہر آیا تو ملزمہ نے کہا، “اس نے مجھے غصہ دلایا۔” بعد ازاں شوہر نے کہا، “وہ میرا خاندان ہے،” جس پر ساس نے جواب دیا، “تم میرے ہو، اس عورت نے تمہیں مجھ سے چھین لیا۔”

واقعے کے ایک روز بعد مقتولہ کے شوہر نے کیس کی رپورٹ میکسیکو سٹی پراسیکیوٹرز آفس میں درج کروائی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ موقع سے فرار ہو چکی ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ کیرولائنا فلورس گومیز نے 2017 میں مس ٹین یونیورس باخا کیلیفورنیا کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ملزمہ کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *