پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ مسئلہ فلسطین قرار دے دیا
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری عدم استحکام کی بنیادی وجہ مسئلہ فلسطین ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے مؤقف اختیار کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور دو ریاستی حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 800 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔
عاصم افتخار کے مطابق غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کو جلد مکمل کیا جانا چاہیے، جبکہ مغربی کنارے میں آبادکاروں کا تشدد اور غیر قانونی بستیوں کی توسیع سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے امتیازی اقدامات نسلی امتیاز پر مبنی نظام کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔
پاکستانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ مسجد اقصیٰ میں جاری دراندازیوں اور مقدس مقامات کی پامالی کو فوری طور پر روکا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث 2 ہزار سے زائد شہری ہلاک و زخمی ہوئے ہیں، جبکہ شام کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام ضروری ہے۔


