سی ڈی اے کا تمام ریکارڈ 120 دن میں ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(بولونیوز)اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے تمام ریکارڈ کو 120 دن کے اندر مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس اقدام سے شہری اپنی درخواستوں اور فائلوں کی صورتحال آن لائن خود چیک کر سکیں گے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے کنونشن سینٹر، ایکسپو سینٹر اور اسلام آباد ارینا کی تعمیر کے لیے تین بین الاقوامی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن مکمل ہو چکی ہے، اور ہدایت کی گئی کہ یہ منصوبے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ سے قبل مکمل کیے جائیں۔
اجلاس میں ایف-6 میں خدمت مرکز کے قیام کے لیے اراضی مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ شہریوں کے لیے ٹاپ گالف، ہاٹ ایئر بیلون، زپ لائن، واٹر پارک اور امیوزمنٹ پارک جیسے منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔
مزید برآں، کھیلوں کے فروغ کے لیے جدید سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، ایف-9 پارک کو ہائیڈ پارک طرز پر ترقی دینے اور شاہدرہ ڈیم کے اطراف تفریحی سہولیات کے منصوبے بھی زیر غور آئے۔
اجلاس میں ایکسپریس وے اور کلب روڈ کی بیوٹیفکیشن اور لائٹنگ کا کام فوری شروع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ وزیر داخلہ نے سی ڈی اے میں کرپشن سکینڈل بے نقاب کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر حکام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی میں ملوث کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔


