لانگ روٹ بسوں میں ٹریکرز نصب کرنے کا فیصلہ، سفر کو محفوظ بنانے کیلئے نیا نظام متعارف
بلوچستان(بولونیوز)بلوچستان: محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان نے لانگ روٹ بسوں میں ٹریکرز نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام اور ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ ٹریکرز قومی شاہراہوں این-25، این-50، این-65، این-70 اور این-40 پر چلنے والی بسوں میں نصب کیے جائیں گے۔
نئےنظام کےتحت بسوں کی رفتار کی رئیل ٹائم نگرانی کی جائے گی، اور حد رفتار سے تجاوز کرنے پر کنٹرول روم کو فوری الرٹ موصول ہوگا۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ ٹریکر سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی بس کو روٹ پرمٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور پابندیاں عائد کی جائیں گی، جبکہ اوور سپیڈنگ اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کےخلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان کے مطابق ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے۔


