خیبرپختونخوا کے صحافیوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کیلئے اسکیم تیار کرنے کی ہدایت
خیبرپختونخوا(بولونیوز)صحافیوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کیلئے اسکیم تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ یہ ہدایت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 سے متعلق اجلاس میں دی گئی۔
اجلاس میں اطلاعات وتعلقات عامہ، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قانون، مائنز اینڈ منرلز اور لیبر ڈیپارٹمنٹس کے نئے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر صحافیوں کیلئے میڈیا پروڈکشن اور براڈکاسٹنگ سیٹ اپس قائم کرنے کے لیے بلا سود قرضوں کی اسکیم تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ بلا سود قرضوں سے نوجوان صحافیوں کیلئے خود روزگاری کے مواقع پیدا ہوں گے، وہ اپنے میڈیا پلیٹ فارمز قائم کر سکیں گے اور آزادانہ و خودمختار انداز میں پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں گے۔
اجلاس میں صحافیوں کیلئے میڈیا کالونیوں کے قیام اور ضم اضلاع میں پریس کلبوں کی بہتری کیلئے اسکیمیں تجویز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ اس کے علاوہ تمام جوڈیشل کمپلیکسز میں ڈے کیئر سینٹرز کے قیام، پشاور میں جوڈیشل اکیڈمی، اور باجوڑ و مانسہرہ میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکسز کے قیام پر بھی غور کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے ورک پلیس ہراسانی کے قانون کو مزید سخت کرنے اور شکایات کی کارروائی خفیہ رکھنے کیلئے ترامیم تجویز کرنے، صوبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اور متاثرہ بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنے، جبکہ مائننگ والے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں آئی ٹی شعبے میں ڈرون سینٹر آف ایکسیلنس، سائبر سکیورٹی آپریشن سینٹر، ضم اضلاع میں ڈیجیٹل سٹی، نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل انٹرن شپ پروگرام اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن سینٹرز کے قیام کی تجاویز زیر غور آئیں۔ اسی طرح معدنیات کی جیولوجیکل میپنگ، پلیسر گولڈ ایکسپلوریشن، کریٹیکل منرلز کیلئے انٹیگریٹڈ جیو سائنس سروے اور ضم اضلاع میں مائنز ریسکیو سیفٹی و ٹریننگ سینٹرز کو مضبوط بنانے کی اسکیموں پر بھی غور کیا گیا۔


